اقلیتوں کی پراپرٹیز کے تحفظ کے لئے قانون سازی کی جائے:خلیل طاہر سندھو

لاہور: صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پنجاب حکومت کی اولین تر جیحات میں شامل ہے اورآئین ِ پاکستان کے آرٹیکل 5کے مطابق تمام پاکستانی شہریوں کے حقوق برابر ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے لئے نمایاں اقدامات کئے ہیں اور اقلیتی برادری ان کی خدمات کو سراہتی ہے۔یہ بات انہوں نے پنجاب اسمبلی آفس میں تمام اقلیتی صوبائی ممبران اسمبلی کی سربراہی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ایک ملاقات کے دوران کہی۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری امور برائے انسانی حقوق طارق مسیح گل، کنوینئر مائنارٹیز ایڈوائزری کونسل پنجاب کانجی رام ،ِ، ایم پی اے شہزاد منشی، ایم پی اے ذوالفقار غوری، ایم پی اے شکیل ایون، ایم پی اے جوائس روفن جولئیس اور ایم پی اے شازیہ طارق موجودتھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ بجٹ 2017-18میں اقلیتی برادری کے حوالے سے سالانہ ترقیاتی پر اجیکٹس میںکچھ مزید پراجیکٹس شامل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اقلیتی برادری میں احساس محرومی کو دور کیا جاسکے۔اقلیتی برادری کے پروفیشنل ادارے جیسا کہ انجینئرنگ، نرسنگ، میڈیکل وغیرہ کیلئی5 فیصد خصوصی کوٹہ مختص کیا جائے، اقلیتوں کی پراپرٹیز کے تحفظ کے حوالے سے کمیونٹی پراپرٹیز پروٹیکشن ایکٹ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ اقلیتی برادری کو اپنی جائیداد کے لین دین کے حصول میں حائل رکاوٹوں کا فوری خاتمہ ممکن ہوسکے۔قومی اسمبلی میں اقلیتی ممبران کی سیٹیں14جبکہ صوبائی اسمبلی میں 16سیٹیں ہیں، پنجاب اسمبلی میں جنرل پبلک اور خواتین کی سیٹوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے مگر اقلیتوں کی سیٹیں تا حال نہیں بڑھائی گئیں۔لہذا اقلیتی برادری کی سیٹوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔صوبائی وزیر نے اس بات پر خاص زور دیا ہے کہ چیف منسٹر پیکج برائے اقلیتی برادری2016-17ابھی تک جاری نہیں کیا جا سکا۔اس کو بھی بجٹ2017-18میں شامل کیا جائے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو کی سربراہی میں ملاقات کرنیوالے اقلیتی برادری کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی جانب سے پیش کی جانیوالی گزارشات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایاجائیگا۔ (آگاہی نیوز)