اقلیتیں ملک کی خوشحالی میں شانہ بشانہ ہیں: گورنرسندھ

کراچی: گورنرسند ھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں کے مطابق اقلیتوں کوبنیادی حقوق اور مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔اقلیتی برادری نہ صرف پاکستان سے والہانہ محبت اور عقیدت رکھتی ہے بلکہ ملک کی خوشحالی میں بھی شانہ بشانہ ساتھ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لئے حکومت بھرپور اقدامات کو یقینی بنارہی ہے اس ضمن میں اقلیتی رہنما اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے اقلیتی ونگ کے صدر شام سندر ایڈوانی سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں اقلیتوں کے حقوق ، اقلیتی علاقوں میں ترقیاتی کام صوبہ کی ترقی میں اقلیتوں کے کردار سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنرسندھ نے کہا کہ اقلیتوں کی مالی مدد، طلبہ کے لئے اسکالر شپ، میڈیکل سہولیات اور صوبہ میں اقلیتی عبادت گاہوں کی مرمت و تعمیر کے لئے بھی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ اقلیتی علاقوں میں بھی ترقیاتی کاموں کو فوقیت دی جارہی ہے