کراچی: اقلیتی برادری کے تحفظ کیلئے منارٹی شیلٹرہوم بنایا جائیگا

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برا ئے اقلیتی امور ڈاکٹر کھٹومل جیون نے کہا ہے کہ میرپورخاص ڈویژن میں اقلیتی برادری کے تحفظ کو مزید یقینی بنانے کے لیے منارٹی شیلٹرہوم بنایا جائے گا، جہاں پر خواتین کو رہائش, طعام اور دیگر سہولیات کے ساتھ قانونی معاونت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ ممکنہ خاندانی جھگڑے اور مسائل کو باہمی رضامندی اور قانونی طریقے سے حل کیا جاسکے،کم عمری اور زبردستی کی شادیوں اور دیگر معاشرتی برائیو ں کی روک تھام ممکن بنائی جائے۔
انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں اقلیتی برادری کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں امین سوترا, نانجی مل, مسز پٹریشییا اور دیگر افراد شامل تھے۔ ڈاکٹر کھٹومل جیون نے کہا کہ شیلٹر ہوم میں دستکاری سینٹر کے علاوہ بنیادی تعلیم فراہم کرنے کی بھی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ یہ ہنر مند خواتین بھی ملک کی معاشی تر قی میں اپنا بھرپور کردار مزید بہتر انداز سے ادا کرسکیں اور اپنے خاندان کی بہتر انداز میں کفالت کر سکیں۔