امریکی وزیرِ خارجہ کی تنقید اور پنجاب حکومت کے اقلیتوں کیلئے اقدام

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے اس بیان پرکہ پاکستان میں مذہبی آزادی پر حملے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزارت انسانی حقوق نے ایک حقائق نامہ تیار کیا ہے جسے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کو بھیجا جائے گا۔ حقائق نامےمیں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کا بلاتفریق تحفظ کیا گیا ہے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے 300سے زائد افراد کو اعلیٰ عہدوں پر نوکریاں دی گئیں۔ مجموعی طور پر اقلیتوں کے 5157افراد کو فیصد کوٹہ کے تحت سرکاری نوکریاں دی گئیں۔ پہلے پنجاب میں سویپرصرف غیرمسلم رکھے جاتے تھے۔ اب اس امتیازی سلوک کو ختم کردیاگیا ہے۔ اقلیتوں کو کروڑوں روپے گرانٹس اور ان کے نمائندوں کو ترقیاتی فنڈز دیئے گئے ہیں۔
کوٹ رادھا کشن میں بھٹے میں جلا دیئے جانے والے مسیحیوں شمع اور شہزاد کے کیس میں پہلی مرتبہ پنجاب حکومت مدعی بنی اور 7افراد کو سزائے موت ہوئی جس میں امام مسجد بھی شامل تھا۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ حافظ قرآن کی طرح دیگر الہامی کتابوں کے پڑھنے والے طالبعلموں کو اضافی 20نمبر دینے کا قانون منظوری کے لئے تیار ہے۔ وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ حقائق نامہ امریکی سفیر کو بھجوائیں گے۔انہوں نے کہا کہ خواتین پر ملازمت کی جگہوں پر تشدد کے خلاف قانون سازی کے علاوہ دیگر اہم اقدامات کئے گئے۔