کرسمس کی آمد کے باعث پنشن و تنخواہیں 20 دسمبرتک ادا کرنے کی ہدایت

کرسمس کی آمد کے باعث تمام مسیحی سرکاری ملازمین کو ماہ دسمبر کی تنخواہ و پنشن پیشگی 20دسمبر تک ادا کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی گئی ہے اور وفاقی و صوبائی حکومت کے خصوصی احکامات کی روشنی میں محکمہ خزانہ سمیت تمام وفاقی و صوبائی اداروں اور سٹی ڈسٹرکٹ و ڈسٹرکٹ گورنمنٹس، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز، ٹائون انتظامیہ و دیگر متعلقہ حکام کے نام جاری کئے گئے سرکلر میں کہاگیاہے کہ تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے تمام مسیحی سرکاری ملازمین کو کرسمس کی آمد کے باعث رواں ماہ دسمبر کی تنخواہ و پنشن پیشگی 20دسمبر تک ادا کر نے کیلئے ضروری پیشگی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ مسیحی سرکاری ملازمین اور ان کے اہلخانہ کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔

علاوہ ازیں اس ضمن میں اکائونٹنٹ جنرل پنجاب اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسرزکو بھی باضابطہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ سرکلر میں مزید کہا گیاہے کہ ریٹائرڈ مسیحی ملازمین کو پنشن کی ادائیگی بھی مذکورہ مدت تک یقینی بنائی جائے تاکہ مسیحی حاضر سروس ملازمین کی طرح ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے اہلخانہ بھی کرسمس کا تہوار اپنے مذہبی جوش و خروش سے مناسکیں ۔ انہوں نے بتایاکہ متعلقہ حکام پر واضح کیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔