سانحہ یوحنا آباد کے 2مقتولین کا مقدمہ یکجا کرنے کی درخواست مسترد

لاہور (آگاہی نیوز) انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے سانحہ یوحنا آباد کے 2مقتولین کا مقدمہ یکجا کرنیکی درخواست مسترد کردی ہے،عدالت نے گرفتار ملزم انمول لیاقت کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ سانحہ یوحنا آباد میں 2افراد کو تشدد کرکے زندہ جلانے کا الگ الگ مقدمہ درج کیاگیا ہے جبکہ دونوں مقدمات میں ملزمان ایک ہی ہیں۔ عدالت دونوں مقدمات کو یکجا کرکے سماعت کے احکامات صادر کرے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کے ملزمان ایک ہی ہیں مگر مدعی الگ الگ ہیں۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد دائر درخواست کو خارج کردیا۔