مردم شماری پاکستان میں مسیحیوں سمیت اقلیتوں کی تعداد سامنے لائے گی:فرانسیسی رپورٹ

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان میں ہونے والی چھٹی مردم شماری ملک میں موجود اقلیتی برادری بالخصوص مسیحیوں اور ہندوؤں کی حقیقی تعداد سامنے لائے گی۔اب تک پاکستان میں موجود اقلیتوں کی تعداد کے حوالے سے صرف اندازے لگائے جاتے رہے ہیں جن پر اتفاق رائے نہیں، ان اندازوں کے مطابق پاکستان میں مسیحیوں کی تعداد 20 لاکھ سے 1 کروڑ کے درمیان جبکہ ہندو آبادی 25 لاکھ سے 45 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ مردم شماری کے دوران شہری خود کو مسلمان، مسیحی، ہندو یا احمدی ہونے کی حیثیت سے بیان کرسکیں گے۔ ان چار انتخابات کے علاوہ انہیں خود کو ‘شیڈولڈ طبقے کا رکن’ بیان کرنے کا آپشن حاصل ہوگا جس میں پسماندہ اور نچلی ذات کی ہندو برادری کے افراد و دیگر شامل ہوں گے۔ خیال رہے کہ مردم شماری میں سکھ، پارسی یا بہائی مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے شمار کے لیے کوئی علیحدہ خانہ موجود نہیں۔ (آن لائن)