کیتھولک فادر اور سسٹر شادی کیوں نہیں کرتے ہیں ؟

اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ کیتھولک فادر اور سسٹر شادی کیوں نہیں کرتے ہیں؟ مجرو زندگی کے بارے میں بائبل مقدس میں کہاں لکھا گیا ہے؟ پاک کلام میں لکھا ہے کہ ؛ متی 19 باب 12 آیت : کیونکہ بعض خوجے ایسے ہیں جو ماں کے پیٹ ہی سے ایسے پیدا ہوئے اور بعض خوجے ایسے ہیں جنہیں آدمیوں نے خوجہ بنایا اور بعض خوجے ایسے ہیں جنہوں نے آسمان کی بادشاہی کے لئے اپنے آپ کو خوجہ بنایا . جو قبول کر سکتا ہے وہ قبول کر لے .

یسوع مسیح یہ فرماتے ہیں کہ “بعض خوجے ایسے ہیں جنہوں نے آسمان کی بادشاہی کے لئے اپنے آپ کو خوجہ بنایا”. اس بیان میں خداوند یسوع مسیح لفظی طور پر نہیں بلکہ تمثیلی طور پر کلام کر رہے ہیں . یہاں وہ ان کی بات کرتے ہیں جنہوں نے آسمان کی بادشاہی کی بہتری کے لئے مجرو زندگی کو اپنایا ہے . ہمارے خیال میں وہ کون ہیں جو خداوند یسوع مسیح کے اس قول کو پورا کرتے ہیں؟ یقیناً یہ وہی ہیں جو مجرو زندگی گزارنے کا وعدہ کرتے ہیں .

کسی دوسری کلیسیا کا کوئی خادم خداوند یسوع مسیح کے اس قول کو پورا نہیں کرتا ہے . صرف کیتھولک کلیسیاں کے کاہن ، فادر اور سسٹر اس قول کو پورا کرتے ہیں . اور ہمارے لئے یہ بات باعث فخر ہے کہ دنیا میں بارہ لاکھ سے زاید کیتھولک کاہنوں اور سسٹر نے اپنی زندگی آسمان کی بادشاہی کی خدمت کے لئے وقف کر رکھی ہے .

یہ عام فہم بات ہے کہ بیاہا شخص خداوند کی خدمت پورے دل اور وقت کے ساتھ نہیں کر سکتا ہے . یہ بھی عام فہم بات ہے کہ بن بیاہے شخص کے پاس زیادہ وقت ہوتا ہے . وہ خاندانی ذمہ داریوں کو پورا کر خداوند کی بہتر خدمت میں لگا رہتا ہے. اس کا دل تقسیم نہیں ہوتا ہے . بلکہ وہ یکسوئی سے خداوند کی خدمت میں مصروف رہتا ہے . ایک اور حوالہ مجرو زندگی کی تقویت دیتا ہے. وہ یہ ہے کہ خداوند یسوع مسیح نے فرمایا “قیامت میں لوگ نہ بیاہ کریں گے ، نہ بیاہے جائیں گے ، بلکہ آسمان پر خدا کے فرشتوں کی مانند ہوں گے”. لہذا ہمارے کاہن اور سسٹر جس مجرو زندگی کا نمونہ پیش کرتے ہیں وہ مستقبل کی مجرو زندگی کا پیش خیمہ ہے.