یسوع مسیح سچے پیغمبر ہیں میرا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا:بیرسٹرظفراللہ

وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفر اللہ نے حضرت یسوع مسیح سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کی ہے اور کہا ہے کہ میرا ایمان ہے کہ یسوع مسیح سچے پیغمبر تھے۔ بیرسٹر ظفراللہ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے حوالہ سے پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں وفاقی وزراء کے ہمراہ کی جانے والی پریس کانفرنس میں کہے گیے ان کے الفاظ کو غلط معنی دیکر چند افراد نے اس سے فائدہ اٹھانے کی مذموم کوشش کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیان کو سیاق سباق سے ہٹ کر اور توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے جے آئی ٹی کے ایک رکن کے حوالہ سے اور ان کی قریبی رشتہ داری بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا کردار یہودہ اسخریوطی کی مانند تھا جس نے یسوع مسیح کو پکڑوادیا تھا۔یہ محض ایک اشارتی مشابہت تھی اور کچھ نہیں تھا۔اس سے میرا مقصد کسی کی دل آزاری نہ تھا اور نہ ہی کسی کے مذہبی جذبات مجروح کرنا تھا۔ظفراللہ نے کہا اس کی وضاحت کی بھی چنداں ضرورت نہ تھی لیکن چند ایک افراد کی جانب سے پروپیگنڈا کرنے کی وجہ سے مناسب ہے کہ اس کی وضاحت کردی جائے۔انہوں نے کہا کہ میں حضرت یسوع مسیح کو عیسیٰ پاک روح اللہ مانتا ہوں۔ میرا ایمان اس وقت تک پورا نہیں ہوتا جب تک میں ان پر ایمان نہ لاؤں۔میں مانتا ہوں کہ وہ سچے نبی تھے۔حضرت مسیح انجیل کے ذریعہ ہماری رہ نمائی کرتے ہیں۔میں ان کی تعلیمات سے بہت متاثر ہوں۔ بحیثیت مسلمان میں ان کے بارے میں کوئی ایسی بات نہیں کرسکتا۔میرا پختہ عقیدہ ہے کہ وہ انسانیت کی روحانی ہدایت کرنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے اس بیان کے بعد اب پروپیگنڈا کا سلسلہ روک جانا چاہیے۔بیرسٹر ظفراللہ نے کہا کہ میرے مسیحی بھائی اور بہن اس بات کو مانتے ہیں کہ یسوع مسیح دنیا میں امن و صلح کے لئے آئے میں بھی اس بات پرکامل یقین رکھتا ہوں۔یسوع مسیح کی تعلیمات دنیا میں اچھائی، نیکی اور امن پھیلانے کے لئے ہماری ہدایت کے لئے مشعل راہ ہیں۔ (آگاہی نیوز)