بانیِ پاکستان کے قول کو نبھاتے ہوئے اقلیتوں کو برابر حقوق دینے ہیں، جسٹس باقر نجفی

ہائیکورٹ ملتان بنچ میں پرچم کشائی کی تقریب میں پولیس کے دستے نے سلامی پیش کی جبکہ سینئر جج جسٹس علی باقر نجفی نے پرچم فضا میں لہرایانیز اس موقع پرملک وقوم کی سلامتی وترقی کے لئے دعاکرائی گئی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فاضل سینئرجج نے کہاکہ پوری قوم کو جشن آزادی مبارک ہو اورآج کے دن ہمیں عہد کرناہوگاکہ ہمیں اپنے فرائض کی انجام دہی کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کویقینی بناناہے۔ ملک ترقی کر رہا ہے ہم نے اس میں اپنا بھر پور حصہ ڈالنا ہے۔
بانی پاکستان کے قول کو نبھاتے ہوئے اقلیتوں کو بھی برابر کے حقوق دینے ہیں۔ تقریب میں جسٹس سردارمحمد سرفراز ڈوگر،جسٹس (ر)محمد خالد علوی ،نائب صدر ہائیکورٹ بار فیروزہ فیض،جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ بار محمدندیم فرید،لائبریری سیکرٹری عاصمہ جبیں کے علاوہ وکلاء،ملتان بینچ کے عملہ اوربچوں نے بھی شرکت کی ہے جبکہ نظامت کے فرائض ایڈیشنل رجسٹرارافتخارصمدانی نے انجام دئیے۔
اس موقع پرپولیس کی بھی نفری بھی موجودتھی اورسکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے تھے۔سیشن وسول کورٹس ملتان میں تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان سجاد حسین سندھڑ نے پرچم کشائی کی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے۔اس لئے ہمیں مل کر اس وطن کی حفاظت کرنی ہے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز نوید احمد قریشی،انوارالحق،رانا عارف،عدالتی عملہ اور ان کےبچوں نے بھی شرکت کی ہے۔ دریں اثناءانسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت فرسٹ میں بھی تقریب منعقد کی گئی۔