خوشاب کے مسیحیوں کی جان خطرے میں،گرجا گھر جلانے کی دھمکی

مسیحی اکثریت والے تین گاؤں میں مقامی مسلمانوں اور مسیحیوں میں کشیدگی بڑھنے کے بعد مسیحیوں پر مقامی مسلمان رہائیشیوں کی جانب سے حملے کا خطرہ بن گیا ہے۔ تفصیلات کیمطابق گاؤں نمبر(چک) 36,37,38تحصیل قائد آباد ضلع خوشاب کے ان مسیحی علاقوں میں مقامی مسلمان آباد ی کی جانب سے انتقامی کاروائی کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔
تفصیلات میں یہ بات سامنے آئی کہ کشیدگی میں اضافہ تب ہوا جب مقامی مولوی نے مسلمانوں کو انتقامی کارائی کی ترغیب دی۔ یہ بات بتائی جارہی ہے کہ مسلم اور مسیحی آبادی کے درمیان یہ کشیدگی کی وجہ سنیل نامی مسیحی لڑکے اور سائرہ نامی مسلمان لڑکی کے ساتھ ملکر بھاگنے کا واقع بنی،جلد ہی یہ خبر علاقے میں پھیل گئی اور مقامی مسلمانوں کی جانب سے لڑکی کی واپسی کا مطالبہ کیا جانے لگا۔
مقامی مسیحی گاؤں والوں پر دباؤ ڈالا جارہا ہے اور دھمکایا جارہا ہے کہ لڑکی اور لڑکے کو واپس بلایا جائے اور انکے حوالے کیا جائے وگرنہ علاقے میں موجود گرجا گھروں کو آگ لگادیں گے۔اسکے علاوہ مسیحی خاندان اپنی بچیوں کے اغواہ کے ڈر سے مزید پریشانی اور خوف وہراس میں مبتلا ہیں۔ مقامی مسیحی حکام سے کاروائی کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں تاکہ بروقت اقدام کرکے تصادم کی صورتحال سے بچا جاسکے۔ مسیحی اپنی جان ومال اور مقدس مقامات کے تحفظ کا مطالبہ کررہے ہیں ۔