گجرات:توہینِ رسالت کے الزام میں مسیحی رہائشی کو موت کی سزا

گجرات:توہینِ رسالت کے الزام میں مسیحی رہائشی کو موت کی سزا

مقامی عدالت کی جانب سے سرائے عالمگیر کے مسیحی رہائشی ندیم پر توہینِ رسالت کے مرتکب ہونے پر تین لاکھ جرمانہ اورسزائے موت کی سزا سنادی گئی۔ ندیم پر توہین کا الزام گزشتہ سال جولائی میں عائد کیا گیا کہ اسکی جانب سے ایک مسلمان کو توہین آمیز پیغام ارسال کیا گیا ہے۔ یاسر بشیر نامی اس مسلمان شخص نے پولیس تھانے رابطہ کیا اور ندیم جیمس کیخلاف ایف آئی آر نمبر 301 کٹوادی جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 295-Aاور 295-Cکے تحت کاروائی کی گئی۔ جیسے ہی ایف آئی آر کا اندراج ہوا پولیس نے ندیم جیمس کی غیرموجودگی میں اسکی دونوں بہنوں کو تحویل میں لے لیا۔
ایک مقامی مسیحی سماجی کارکن نے تفصیلات بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ندیم نے مسلم خاتون سے شادی کی ہے اور اسی وجہ سے اسے توہین کے اس کیس میں پھسایا گیا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج عرفان حیدر کی جانب سے کیس کے فیصلہ میں ندیم جیمس کو تین لاکھ روپے بطور جرمانہ اور موت کی سزا سنادی گئی۔