امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے سربراہ سٹیفن بینن نے کہا ہے کہ انھیں مسیحی صیہونی ہونے پر فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زاؤنسٹ آرگنائزیشن آف امریکا کے سالانہ عشائیے میں کیا۔ اپنے خطاب میں سٹیفن بینن کا کہنا تھا کہ میں ہرگز اعتدال پسند نہیں بلکہ جھگڑالو ہوں۔ میں اسرائیلی ریاست کا ساتھ دینے پر ہمیشہ فخر محسوس کرتا ہوں اور اسی وجہ سے مجھے مسیحی صیہونی ہونے پر بھی ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن میں کامیابی ری پبلکن کے میگا ڈونر شیلڈن کے بغیر ممکن نہیں تھی، جنہوں نے جنسی حملہ سکینڈل میں ٹرمپ کی رہنمائی کی تھی۔
سٹیفن بینن کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدوں کو پورا کر رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس پہنچنے کے بعد امریکی سفارتخانے کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی اور ایران سے جوہری معاہدے کا خاتمہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ترجیحات میں شامل تھا۔ انہوں نے ٹرمپ کو سابق صدر ریگن کے بعد اسرائیل کا سب سے بڑا حامی اور سپورٹر قرار دیا۔