سعودی شاہ سلمان کی میرونائٹ کلیسیاء کے سربراہ سے ملاقات

سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاض کے قصرِ یمامہ میں میرونائٹ کلیسیاء کے سربراہ بشارہ بطروس الراعی سے تاریخی ملاقات کی ہے۔ بشارہ شامی مسیحیوں کے میرونائٹ کللیسیاءکے سربراہ ہیں اور یہ دونوں رہنمائوں کی پہلی ملاقات تھی۔ملاقات میں سعودی عرب اور لبنان کے درمیان برادرانہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔
اس کے علاوہ رواداری کو پروان چڑھانے،بین المذاہب ہم آہنگی، تشدّد ، انتہا پسندی اور دہشت گردی کا قلع قمع کرنے اور خطے اور ساری دنیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے میں مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے کردار کی اہمیت پر تبادلہ خیال ہوا۔دریں اثناءلبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد حریری نے بھی سعودی دارالحکومت ریاض میں اپنی قیام گاہ پرلبنانی میرونائٹ کلیسیاء کے سربراہ بشارہ بطروس الراعی سے ملاقات کی۔
لبنانی وزیراعظم سعد الحریری نے سعودی عرب میں اپنے ملک کی مخصوص صورتحال پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ ان کے استعفیٰ کو لبنانی مسیحی صدرمائیکل عون نے مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ خود بیروت پہنچ کر استعفیٰ دیں جس کی منظوری کے بارے میں بعد ازتصدیق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔وزیراعظم سعد حریری نے کہا تھا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔انہوں نے ایران اور حزب اللہ کو مورودالزام ٹہرایا تھا کہ وہ ان کی جان کے پے در پے ہے اور ان کو اس بات کا خدشہ ہے کہ ان کو قتل کردیا جائے گا۔خیال رہے کہ بشارہ بطروس الراعی سعودی عرب کےخصوصی دورے پر ریاض پہنچے تھے جہاں سرکاری سطح پر ان کا استقبال کیا گیا۔