داعش کی جانب سے اس کرسمس پر ویٹی کن نشانے پر

ویٹی کن سٹی: سوشل میڈیا پر ان دنوں دہشتگرد تنظیم داعش (آئی ایس آئی ایس) کی جانب سے ایک پروپگینڈہ ویڈیو ریلیز کی گئی ہے جس میں نقاب پہنے ایک عسکریت پسند کو ویٹی کن میں سیِنٹ پیٹرز باسلیقیہ کی جانب بارود اور بموں سے بھری ہوئی کار دوڑاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں لوگوں میں دہشت پھیلانے کیلئے خونیں کرسمس کا انتظار کریں کے الفاظ بھی استعمال کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ آئی ایس آئی ایس کی جانب سے برطانیہ کے شہزادے جارج کو بھی دھمکی دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ داعش کے عسکریت پسند ویٹی کن کو اس وقت اپنا اہم ٹارگٹ بنائے ہوئے ہیں کیونکہ یہ مسیحیوں کا مرکزی مقام ہے، جہاں ان کی دلی اور روحانی وابستگی ہے۔ ان خطرات کے پیش نظر کرسمس کی آمد سے قبل ہی ویٹی کن اور دنیا کے اہم مقامات اور شہروں کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے ابھی سے اقدامات اٹھانا شروع کر دیے گئے ہیں۔

یہ پروپگینڈہ رپورٹ داعش اور دیگر دہشتگرد گروپوں کو آن لائن مانیٹر کرنے والے انٹیلی جنس گروپ سائٹ (سرچ فار انٹرنیشنل ٹیررسٹ اینٹیٹیس) کی جانب سے حاصل کی گئی ہے۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ داعش شام اور عراق میں اپنی حالیہ شکست اور پسپائی کے بعد بدحواسی کے عالم میں اس قسم کے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے۔