اقلیتوں کے حقوق کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے: وزیر اعظم شاہد خاقان

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اپنی علاقائی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے، پاکستان مذہبی تعلیمات اور آئین کے مطابق تمام انسانوں کی برابری،بنیادی حقوق،اخلاقی اقدار،پر امن بقائے باہمی،تنوع اور اختلاف رائے کے احترام اور کسی بھی شکل میں امتیازی سلوک سے تحفظ کیلئے پر عزم ہے۔انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے پر عزم ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اسلام ہی تھا جس نے پہلی بار انسانی حقوق کو اپنے ضابطہ قانوں کا لازمی جز قرار دیا،جس نے ایک منصفانہ اور شمولیتی معاشرے کیلئے ضروری قانونی بنیاد فراہم کر دی۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی دن دنیا بھر کے قوموں کو انسانی حقوق کے تحفظ اور دنیا بھر میں انسانی اقدار کو فروغ دینے کے لئے اپنی عزم کی تصدیق کا موقع فراہم کرتا ہے۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کثیر الجہتی قانونی اصلاحات اور ادارہ جاتی میکنزم کے قیام سمیت متعدد اہم نوعیت کے اقدامات کئے ہیں جو انسانی حقوق بالخصوص پسماندہ اور معاشرے کے محروم طبقات کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ایک خود مختار نیشنل کمیشن بھی قائم کیاگیا ہے اور انسانی حقوق کیلئے ایکشن پلان خواتین،بچوں،اقلیتوں اور معزور افراد کے حقوق کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے یو این ہائی کشمنر برائے انسانی حقوق کے کاوشوں کو بھی سراہا۔تاہم ہمیں یہ ضرور سمجھنا چاہیئے کہ فلسطینیوں،کشمیریوں اور روہنگیا کے بنیادی انسنای حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور انکار بھی عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر ایک سوال ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ، انکا پختہ عقیدہ ہے کہ بین الاقوامی برادری مسلسل کاوشوں سے وہ ایک دن، ایک منصفانہ اور برابری کی بنیاد پر دنیا کی تعمیر کریں گے جس میں تمام کمیونٹی، عوام اور قوموں کو مساوی بنیادی حقوق ملیں گے۔