لاہور کے 5مقامات ممکنہ دہشتگردی کے پیش نظر انتہائی حساس

صوبائی دارالحکومت لاہور کے 5تفریحی پارکوں کو کرسمس پر ممکنہ د ہشتگری کے پیش نظر انتہائی حساس قرار دیدیا گی ہے۔ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے پو لیس و دیگر سکیورٹی اداروں کو اطلاع دی کہ دو خود کش بمبار شہر میں داخل ہوگئے ہیں جو پارکوں میں خود کش حملہ کرسکتے ہیں جس میں گلشن اقبال پارک ،چڑیا گھر ،ریس کورس،لارنس گارڈن اورماڈل ٹائون پارک شامل ہیں۔

خود کش بمبار کرسمس کے موقع پر بزدلانہ کارروائی کرسکتے ہیں۔حساس ادارے نے پولیس کو خبردار کیا کہ حساس قرار دیئے گئے پارکوں میں سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے ، حساس ادارے کی جانب سے بھجوائے گئے لیٹر میں لکھا گیا ہے کہ پارکوں کے ٹوٹے ہوئے حفاظتی جنگلوں ،دیواروں کی جلد تعمیر کی جائے اور پارکنگ والے مقامات پر لاوارث گاڑیوں ،موٹر سائیکل ،رکشہ کو بھی فوری چیک کیا جائے ،تفریحی مقامات کے اردگردعلاقوں میں سرچ آپریشن کیا جائے۔ذرائع کے مطابق شہر میں داخل ہونے والے خود کش بمباروں کی عمریں اٹھارہ سے بیس سال کے درمیان اور انکا تعلق جنوبی وزیر ستان سے ہے۔ ایس پی اقبال ٹاؤن رانا عمر فاروق نے میڈیاکو بتایا ہے کہ گلشن اقبال پارک کے حوالے سے خفیہ اداروں کی جانب سے پیشگی اطلاع مل چکی ہے اوروہاں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر دیئے گئے ہیں۔