اٹلی میں سینکڑوں مسیحیوں کا احتجاج، آسیہ بی بی کی رہائی کا مطالبہ

روم: اٹلی کے دارالحکومت روم میں پاکستان میں توہین مذہب کے قانون کیخلاف اور اسی قانون کی بھینٹ چڑھی خاتون آسیہ بی بی کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اس احتجاج میں سینکڑوں کی تعداد میں مقامی اور غیر ملکی مسیحیوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر روم شہر کا تاریخی کولوسیئم ایمفی تھیٹر علامتی طور پر گھنٹوں تک سرخ روشنی میں ڈوبا رہا۔ مسلسل بارش کے باوجود مظاہرین کئی گھنٹوں تک اس مظاہرے میں موجود رہے۔ یاد رہے کہ مسیحیت کے ابتدائی دور میں یہی ایمفی تھیٹر مسیحی باشندوں کی ان کے مذہب کی وجہ سے ہلاکتوں کی علامت بن گیا تھا۔ اس احتجاجی مظاہرے کا اہتمام دنیا بھر میں ظلم و ستم اور تعاقب کے شکار مسیحیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیا تھا لیکن یہ اجتماع پاکستان میں توہین مذہب کے قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی شکل اختیار کر گیا۔ اس مظاہرے آسیہ بی بی کے شوہر اور بیٹی کی شرکت تھی، جنہوں نے شرکاء سے خطاب بھی کیا۔

خیال رہے کہ آسیہ بی بی ایک پاکستانی مسیحی خاتون ہیں، جنہیں توہین مذہب کے خلاف قانون کے تحت 2010ء میں ایک عدالت نے سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔