وزیر براٰئے انسانی حقوق و اقلیتی امور کی ساجد مسیح کی عیادت کیلٰئے آمد

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے ساجد مسیح کی عیادت کے لیے میو ہسپتال کا خصوصی دورہ کیا ۔اس دوران انہوں نے ساجد مسیح کو سخت ترین سکیورٹی مہیا کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ڈاکٹروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور آپریشن کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مزید علاج معالجہ کا تمام خرچ وزارت انسانی حقوق و اقلیتی امور برداشت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ساجد مسیح کے ساتھ دوران تفتیش ہونے والی زیادتی کا معاملہ پنجاب اسمبلی میں اُٹھایا ہے ۔ پطرس مسیح اور ساجد مسیح کیس کے لیے خصوصی تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی ہے ، صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر ایف آئی اے اور اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا ان کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ پیغام کے مطابق ہ پطرس مسیح اور ساجد مسیح کیس کے تفتیشی خالد شاہ کے خلاف کمیٹی بنائی گئی ہے جو اس کی مکمل تحقیق کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی مسیحی قوم کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کروں گا۔

یاد رہے کہ توہین مذہب قانون کے تحت گرفتار پطرس مسیح کے کزن ساجد مسیح کی ایف آئی اے بلڈنگ میں دوران تفتیش کھڑکی سے نیچے گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد ساجد مسیح نے ویڈیو بیان میں کودنے کی وجہ ایف آئی اے اہلکاروں کی طرف سے اسے اپنے کزن سے بد فعلی کرنے کا تقاضہ کرنا بتائی تھی۔