سندھ سے پہلے مسیحی رکن نے اقلیتی نشست پرسینیٹر کا حلف اٹھا لیا

سندھ سے اقلیتی نشت پرسینیٹرمنتخب ہونے والے پہلے مسیحی رکن انور لعل ڈین نے حلف اٹھالیا ہے۔انہوں نے حلف اٹھانے کے بعد رول پر دستخط کئے۔حلف برداری کے بعد انہوں نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے لئے ہونے والی ووٹنگ میں پہلی بار سینیٹ کی خفیہ رائے شماری میں حصہ لیا۔حروف تہجی کے لحاظ سے ان کا نام دوسرے نمبر پر پکارا گیا۔سینیٹ کے اجلاس کے بعد سینیٹر انور لعل ڈین اظہار تشکر کے لئے بلاول ہاؤس اسلام آباد پہنچے اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر انور لعل ڈین کو سینیٹ کی رکنیت کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔انور لعل ڈین کا تعلق ایک متوسط مسیحی گھرانے سے ہے جن کی پیپلز پارٹی سے طویل رفاقت رہی ہے۔انور لعل ڈین کا کہنا ہے کہ ان کا سینیٹر بننا پارٹی سے نظریاتی وابستگی کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔انور لعل ڈین کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ اب انورکی تںخواہ کا بندوبست ہوگیا ہے تو ہم اپنے بچوں کی شادیاں کرسکیں گے۔انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اب انور اسلام آباد میں جایا کریں گے۔