پی ٹی آئی کی جانب سے مستحق مسیحیوں میں امدادی چیک تقسیم

پی ٹی آئی کی جانب سے ایسٹر کی آمد پر 250مستحق مسیحیوں میں امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔5000 روپے مالیت کےامدادی چیک ایم این اے شفقت محمود اور ایم پی اے شہنیلا روت نے نصیرآباد ہنری کالونی کے ایک گرجا گھر میں منعقدہ تقریب میں دئیے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ایم این اے شفقت محمود نے کہا کہ حالیہ برسوں میں حکومت کی ناقص معاشی پالیسوں کی وجہ سے غربت بڑھی ہے۔ایسے میں لوگ اپنی خوشیوں کے تہوار بھی ڈھنگ سے نہیں مناسکتے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مسیحیوں کی خوشیوں میں شریک ہونے کو اپنا فرض اور فخر سمجھتی ہے۔

ایم پی اے شہنیلا روت نے کہا کہ ایسٹر کی خوشیوں میں اپنے ایسے مسیحی بہن بھائیوں کو شریک کرنا جو مالی طور پر کمزور ہے خوشنودی خداوندی کے زمرے میں آتا ہے۔انہوں نے کہا ایسٹر ہماری سب سے بڑی عید ہے جس میں سب کو مل جل کر شریک ہونا چاہیے۔اسی مقصد کے تحت ہماری پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ مستحق مسیحیوں میں امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ سب اچھی طرح عید مناسکیں۔