میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ یکم اپریل کو ایسٹر کے موقع پر مسیحیوں کی خوشیوں میں پورا کراچی شرکت کرے گا اور یہ پیغام دیا جائے گا کہ تمام تر مسائل اور مشکلات کے باوجود اپنے شہر اور وطن کی ترقی و خوشحالی کے معاملے میں ہم سب ایک ہیں۔ کراچی میں بسنے والی اقلیتی برادریوں کو اپنے مذہبی تہواروں کو بھرپور انداز میں منانے کا پورا حق ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں اور دیگر مقامات کے اطراف ہرممکن بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کا مقصد مذہبی رواداری کو فروغ دینا اور بین المذاہب، اخوت و یکجہتی کی فضا قائم کرنا ہے۔ کراچی کے تمام علاقوں میں کسی بھی مذہب اور فرقے سے تعلق رکھنے والے شہری ہمارے لئے یکساں اہمیت رکھتے ہیں اور ہم شہر کے تمام علاقوں کو ترقی دینا چاہتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے ملاقات کے لئے آئے ہوئے سٹی کونسل کے اقلیتی ارکان اور منتخب نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈراسلم شاہ آفریدی، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے سٹی کونسلرز نے میئر کراچی وسیم اختر سے درخواست کی کہ یکم اپریل کو مسیحی اپنا مقدس تہوار ایسٹرمذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائے گی اور اس موقع پر گرجا گھروں میں خصوصی اجتماعات کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں بڑی تعداد میں مسیحی شرکت کرتے ہیں۔
لہٰذا ایسٹر سے قبل کراچی کے مختلف علاقوں میں واقع چھوٹے اور بڑے گرجا گھروں کے اطراف صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات کئے جائیں تاکہ ایسٹر کی تقریبات میں شرکت کرنے والے لوگوں کو کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے انہیں یقین دلایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی مسیحی برادری کے مقدس تہواروں کے موقع پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ کرسمس ہو یا ایسٹر یا کوئی اور تہوار کراچی میں موجود تمام گرجا گھروں کے اطراف سڑکوں اور گلیوں میں صفائی اور اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و بحالی کے کام ترجیحی بنیادوں پر انجام دیئے جاتے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ بطور میئر میری نظر میں کراچی کے تمام شہری برابر ہیں اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی مذہبی تفریق کی کوئی گنجائش نہیں، کراچی کے شہری خواہ کسی بھی مذہب کے ماننے والے ہوں بہتر شہری سہولیات کے حقدار ہیں اور انہیں ان کا یہ حق دینے کے لئے جو بھی ممکن ہوا ضرور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادریوں کا اتنا ہی کردار ہے جتنا دیگر لوگوں کا، پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں شامل ہونے سے محبت ، اتحاد اور یکجہتی میں اضافہ ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سب آئندہ بھی آپ کی خوشیوں میں شریک رہیں گے، مسیحی برادری کی طرف سے کراچی میں فراہم کی جانے والی فلاحی خدمات کی قدر کرتے ہیں کراچی میں مسیحی برادری کے زیرانتظام 54 اسکولز ، متعدد اسپتال اور فلاحی ادارے بلاامتیاز و تفریق خدمات انجام دے رہے ہیں جس سے کراچی کے شہریوں کو فوائد حاصل ہو رہے ہیں، امید ہے کہ مسیحی برادری اسی طرح شہر کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔