سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے مسیحیوں کو ایسٹر کی مبارکباد

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایسٹر کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے کہ کہ ایسٹر پوری مسیحی برادری کے لیے خوشیوں اور خوشحالی کا پیغام ثابت ہو۔انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت عیسٰی علیہ السلام کو اللہ تعالی نے محبت، رواداری اور بھائی چارے کی تبلیغ کے لیے مبعوث کیا۔ ان کا پیغام آج بھی سب قومیتوں اور برادریوں میں ہم آہنگی کو فروغ دینے اور دنیا میں امن کو یقینی بنانے کے لیے مشعل راہ ہے۔ ملک کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔

سپیکر نے پاکستان میں رہنے والی تمام اقلیتوں کو آئین میں دیے گئے حقوق اور قائدِ عظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں کے مطابق تحفظ فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سردار ایاز صادق نے پاکستان میں رہنے والی مسیحی برادری کے جذبہ حب الوطنی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کی بے لوث خدمات کو سراہا۔ سپیکر نے کہا کہ مسیحی برادری کی قومی ترقی میں بے مثال شرکت خصوصاً تعلیم اور صحت کے شعبوں میں خدمات ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔