فیصل آباد کی ایگریکلچر یونیورسٹی میں چرچ کا افتتاح کیا گیا،یہ پاکستانی تاریخ میں پہلا واقعہ ہے کہ ایک پبلک یونیورسٹی میں مسیحی طالبعلموں کیلئے چرچ کا افتتاح کیا گیا ہے۔ اس چرچ کا افتتاح راولپنڈی اور اسلام آباد کے آرچ بشپ نے 15اپریل بروز اتوار کو کیا۔ اس نئے افتتاح کردہ سینٹ میری چیپل کو یونیورسٹی کی مرکزی عمارت میں بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر آرچ بشپ جوزف ارشد نے بیان میں کہا کہ یونیورسٹی میں چرچ کا قیام پورے ملک میں ہم آہنگی اور محبت کا پیغام پہنچائے گا،مسیحی افراد یہاں پر ادارے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعاکرنے یہاں آئیں گے۔اسی موقع پر آرچ بشپ کی یونیورسٹی ایڈمنسٹریشن کی جانب سے چرچ کے قیام کی اجازت پر اظہار تشکر بھی کیا۔
اس سے قبل ملک کی کسی بھی یونیورسٹی میں گرجا گھر نہیں بنایا گیا،فیصل آباد ایگریکلچر یونیورسٹی میں بنایا گیا یہ چیپل 500مربع میٹر پر محیط ہے جس پر قریب 7.6ملین پاکستانی روپے کی لاگت آئی ہے۔ اس منصوبے کیلئے 3ملین روپے فیصل آباد ڈایوسسز کی جانب سے عطیہ کیئے گئے۔