کراچی میں ایشیا کی بلند ترین صلیب کی تعمیر مکمل

کراچی میں پچھلے کئی سال سے زیر تعمیر ایشیاء کی سب سے بڑی صلیب بالآخر مکمل ہوگئی ہے۔ یہ صلیب گورا قبرستان میں ایستادہ ہے۔جدید دور کے اس لینڈ مارک کو کراچی کی سماجی شخصیت پرویز ہنری نے تعمیر کرایا ہے جن کا کہنا ہےانہیں خواب میں نظر آیا تھا کہ وہ اپنی برادری کے لئے کچھ ایسا کریں جو مختلف اور منفرد ہو۔ لہذا، انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ کراچی میں اقلیتی برادری کی نمائندگی کی غرض سے ناصرف پاکستان بلکہ ایشیاء کی سب سے بلند صلیب تعمیر کرائیں گے۔یہ صلیب سطح زمین سے 140فٹ بلند اور اس کی زیرزمین گہرائی 20فٹ ہے۔ اسے 200سے زائد مزدوروں نے تعمیر کیا۔ یہ سیمنٹ، کنکریٹ، سریے، اسٹیل اور لوہے سے مل کر تعمیر کی گئی ہے جو بلٹ پروف بھی ہے۔