انڈونشیا میں یکے بعد دیگرے تین گرجا گھروں میں دھماکے ہوئے ہیں جس کے نتیجہ میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔یہ دھماکے اس وقت ہوئے جب گرجا گھروں میں عبادات جاری تھیں۔دھماکے انڈونیشیا کے دوسرے بڑے شہر سورابایا میں سانتا ماریہ کاتھولک چرچ،انڈونیشین چرچ اور پینٹی کاسٹل چرچ میں ہوئے ہیں۔دھماکوں کو خودکش حملہ کہا جارہا ہے تاہم حکام نے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
گرجا گھروں میں ہرطرف تباہی کے مناظر دیکھے جارہے ہیں۔دھماکوں میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ان دھماکوں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی لیکن ملک کے سراغ رساں ادارے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس میں بین الاقوامی دہشت گرد گروہ داعش کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ سانتا ماریہ چرچ میں ہونے والے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ دیگر مسیحی عبادت گاہوں میں ہونے والے دھماکوں میں 2، 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دھماکوں میں زخمی ہونے والا ایک شخص دوران علاج ہسپتال میں دم توڑ گیا جس کی شناخت نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دھماکوں کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر متاثرہ عبادت گاہوں کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کیے اور تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔چرچز سے 40 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے کئی ایک کی حالت نازک ہے۔پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت دیگر چرچز کی سیکورٹی میں اضافہ کردیا ہے اور کئی چرچز کو بند کردیا گیا ہے۔