,

آسیہ بی بی بہت جلد پاکستان چھوڑ دیں گی:عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے توہین مذہب کیس میں بری قرار دی جانے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان چھوڑ دیں گی۔وہ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دے رہے تھے۔بی بی سی کے مدیرعالمی امورجان سمپسن نے اپنے انٹرویو میں پاکستانی وزیراعظم سے پوچھا کہ آسیہ بی بی کے ساتھ کیا ہوا؟وہ ابھی تک پاکستان چھوڑ کرکیوں نہیں گئیں؟جواب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ دیکھیں گے کہ آسیہ بی بی بہت جلد پاکستان چھوڑ دیں گی۔جان سمپسن نے اگلا سوال کیا کہ کیا ہم اس حوالے سے دنوں یا ہفتوں کی بات کر رہے ہیں؟اس کے سوال کے جواب میں پاکستانی وزیر اعظم نے کہا میرے خیال سے ہفتوں میں۔

ہم ہفتوں کی بات کر رہے ہیں۔اس سوال پر کہ کیا آپ کا فیصلہ ہے؟ا س پر انہوں نے کوئی واضح جواب دئیے بغیر کہا کہ اس حوالے سے تھوڑی پیچیدگی پائی جاتی ہے اورمیں میڈیا سے اس بارے میں بات نہیں کر سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آسیہ بی بی محفوظ ہیں اوروہ ہفتوں کے اندراندر پاکستان چھوڑ کر چلی جائیں گی۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بریت کے باوجود آسیہ بی بی کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا تھا اور کیس کے مدعی کی جانب سے فیصلہ کے خلاف نظر ثانی اپیل تک ایک غیر اعلانیہ معاہدے کے تحت نامعلوم مقام پر رکھا گیا۔سپریم کورٹ سے نظر ثانی اپیل مسترد کئے جانے کے بعد اب تک کسی کو آسیہ سے متعلق معلوم نہیں کہ وہ کہاں پر اور کس حال میں ہیں۔اس دوران یہ غیر مصدقہ خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ وہ وطن چھوڑ چکی ہیں۔