آسیہ بی بی بیرون ملک چلی گئیں،وکیل کی تصدیق

توہین رسالت کے الزام سے بری ہونے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی پاکستان سے چلی گئیں۔ آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک نے امریکی میڈیا سے گفتگو کے دوران تصدیق کی ہے کہ آسیہ بی بی کینیڈا پہنچ چکی ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور کی ٹرائل کورٹ نے نومبر 2010ء کو توہین رسالت کیس میں آسیہ بی بی کو سزائے موت سنائی تھی، جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ سال 31 اکتوبر کو توہین رسالت کیس میں سزائے موت پانے والی آسیہ بی بی کی سزا کالعدم قرار دے کر ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔ اس سے پہلے بھی سپریم کورٹ کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد کئی مرتبہ آسیہ بی بی کے بیرون ملک منتقل ہونے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں جو بعد میں افواہ ثابت ہوئیں۔