لندن کے سینٹ پال کیتھیڈرل کی جانب سے مسلمانوں کیلئے افطارکا اہتمام

لندن میں واقع تاریخی و قدیم سینٹ پال کیتھیڈرل انتظامیہ کی جانب سے مسلمانوں کے لئے پہلی بار افطار کا اہتمام کیا گیا۔افطار میں لندن کے میئر صادق خان کے علاوہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔یہ اجتماع بین المذاہب ہم آہنگی کی عملی تصویر بن کر ابھرا ہے۔بین المذاہب افطارکا انتظام نازلیگاسی فائونڈیشن نے سینٹ پال کیتھڈرل اوردی سٹی آف لندن کارپوریشن کے اشتراک سے کیا تھا۔لندن کے بشپ رائٹ ریورینڈ سارا ملالے نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔میئر لندن نے اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ چھوٹے تھے اوردوستوں کو روزہ رکھتے ہوئے دیکھ کران سے پوچھتے تھے کہ پانی پئے بغیر کس طرح زندہ رہتے ہیں مگراب رمضان کے بارے میں بہت زیادہ آگہی موجود ہے۔رمضان ایک مخصوص پیغام اورفلسفہ ہے۔ہمیں اس کو درست اندازسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہ صیام ہمیں دوسروں سے شفقت، بھلائی کے کام اور نیکی کا درس دیتا ہے۔اس دوران ہمیں فیاضی سے سخاوت کے کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کرحصہ لینا چاہیے۔