غریب اور مستحق اقلیتی افراد کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے

صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ غریب اور مستحق اقلیتی افراد کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔تحریک انصاف کی حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے کوشاں ہے جس کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کی حمایت انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بات ساہیوال ضلع کونسل ہال میں مستحق مسیحی افراد میں امداد چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں 250افراد میں 5،5ہزار روپے کے چیک تقسیم کئے گئے۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو‘پی ایچ اے کے چیئر مین علی شکور خاں اور مقامی مسیحی رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتو ںکے مسائل حل کرنے کیلئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا اور انہیں زندگی کی تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے آئندہ بجٹ میں خطیر رقم مختص کی جائے گی۔