مصر:3 مسیحی بھائی مسلمان روزہ داروں کی افطاری میں 3 سال سے مصروف عمل

مصر کی شمالی گورنری المنوفیہ کے العامرہ گائوں میں تین قبطی مسیحی بھائی تین سال سے مقامی مسلمانوں کی افطاری میں پیش پیش ہیں۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق قبطی مسیحی مذہب سے تعلق رکھنے والے تین سگے بھائی رزق اللہ، عماد اور شنودہ ابراہیم رزق اللہ گذشتہ تین برسوں سے مقامی مسلمانوں کی افطاری کا اہتمام کرتے ہیں جسے وہ اپنی آنجہانی والدہ کے لئے صدقیہ جاریہ قراردیتے ہیں۔ اس گائوں میں 300 مسلمان مرد روزہ دار ہیں جن میں سے بیشتر قبطی بھائیوں کے افطار دستر خوان پر افطاری میں شرکت کرتے ہیں۔ مصر میں مسلمانوں اور مسیحیوں کے درمیان بھائی چارے اور محبت کی یہ ایک عمدہ مثال ہے۔ شنودہ ابراہیم نے کہا ہے کہ ان کے دادا کے گائوں کے تمام خاندانوں کے ساتھ محبت سے بھرپور تعلقات رہے ہیں۔انہوں نے گائوں کے مسلمانوں اور مسیحیوں میں کبھی کوئی تفریق محسوس نہیں کی،آج بھی منوفیہ کے باشندے ایک کنبے اور خاندان کی حیثیت سے رہتے ہیں۔

شنودہ نے کہا کہ ان کی ماں کی وفات سے گائوں میں کوئی شخص ایسا نہیں جس نے ان کے ساتھ ہمدردی نہ کی ہو۔ گائوں کے مسلمان روزہ داروں کی افطاری کا سلسلہ تین سال سے جاری ہے اور ہم اسے اپنی ماں کے لیے صدقہ جاریہ سمجھتے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ ماہ صیام کے پہلے اور دوسرے جمعہ کی افطاری میں انہوں نے گائوں کے 250 سے 300 روزہ داروں کو افطاری کی دعوت دی۔ان کی افطاری کی دعوت میں مسلمان بڑھ چڑھ کر شرکت کرتے ہیں۔