لاہور سی سی پی او کے مختلف گرجا گھروں اور مسیحی تنصیبات کے دورے

سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے اتوار کو مختلف گرجا گھروں اور مسیحی تنصیبات کے دورے کر کے وہاں سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے پولیس کے جوانوں کا مورال بلند ہونے پر شاباش دی۔ اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں سی سی پی او نے یونائیٹڈ کرسچن ہسپتال لبرٹی چوک کے باہر تعینات پولیس سکواڈ کے جوانوں سے فردا فردا ہاتھ ملایا۔

سربراہ لاہور پولیس نے بعد ازاں کینٹ کے علاقے میں پرانے ائیرپورٹ کے قریب مرکزی چرچ اور سرفراز رفیق روڈ پر سینٹ جوزف چرچ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے پولیس کے جوانوں کو پیشہ ورانہ انداز میں ڈیوٹی جاری رکھنے کی ہدایت کی جبکہ جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انعام اور سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان بھی کیا.