پیپلز پارٹی برطانیہ شعبہ خواتین کی اقلیتی امور کی کوآرڈینیٹر ایستر داس کی جانب سے لندن کے مقامی ہوٹل میں افطار ڈنرکا اہتمام کیا جس میں سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر راحیلہ لغاری، پیپلز پارٹی سندھ منارٹی ونگ کے صدر لال چند ایم پی اے، انتھونی نوید ایم پی اے ،مشیر اقلیتی امور وزیر اعلیٰ سندھ، پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری، پیپلز پارٹی گریٹر لندن کے صدر میاں سلیم ،برطانیہ شعبہ خواتین کی جنرل سیکرٹری سمعیہ علی ،انفارمیشن سیکرٹری امبر اعجاز، پیپلز لیبر ونگ برطانیہ کے صدر حفیظ بلوچ، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خواجہ معین الدین سید، اسد نواز، ڈاکٹر پرویز،ہمامنیر سمیت مسلم اور مسیحی رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افطار سے قبل پاکستان کے اقلیتوں کے مسائل اور ان کے حل اور اس کے لئے کی جانے والی کوششوں پر گفتگو کی گئی اور پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے مسائل کے لئے جو اقدامات کئے ان پر روشنی ڈالی گئی ،یاد رہے ایستر داس بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے ہمیشہ کوششیں کرتی ہیں،اس تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر راحیلہ لغاری نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور سندھ اسمبلی نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہندو میرج بل پاس کیا اسی طر ح جبری تبدیلی مذہب کے خلاف بھی بل پاس کیا جو کہ منظوری کے لئے گورنر سندھ کے پاس گیا جہاں وہ التوا کاشکارہوا مگر سندھ اسمبلی اس سلسلے میں اپنی آواز اٹھارہی ہے اورہمیں یقین ہے کہ ہم یہ بل پاس کروالیں گے.
اس موقع پر لال چند ایم پی اے نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کی بات کرتی ہے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرتی ہے پیپلزپارٹی نے پارٹی کے عہدوں اور اسمبلیوں میں اقلیتوں کے حقیقی نمائندوں کو نامزد کیا تاکہ وہ اپنی کمیونٹی کے مسائل اچھی طرح حل کرسکیں اسی لئے پیپلزپارٹی اقلیتوں میں مقبول جماعت ہے۔ انتھونی نوید ایم پی اے مشیر وزیر اعلیٰ سندھ نے ایستر داس کو اس طرح کی تقریب منعقد کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی میں بین المذاہب ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور یہی وجہ ہے شہید بھٹو اور شہید بے نظیر کی طرح چیئرمین بلاول بھٹو اقلیتوں کی خوشیوں اور دکھوں میں شریک ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے نمائندوں کو حکومت، پارٹی ،پارلیمان میں نمائندگی دی ہے اور اقلیتوں کو ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹہ اور ان کے مذہبی تہواروں پر چھٹی دینے جیسے اقدامات اور اقلیتوں کے لئے الگ وزارت جیسے اقدامات کئے چیئرمین بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کی حکومت اقلیتوں کیلئے مزید بھلائی کے اقدامات کررہی ہے، اس موقع پر صدر پیپلز پارٹی برطانیہ محسن باری نے پیپلز پارٹی برطانیہ کی جانب سے تمام مہمانوں اور میزبان ایستر داس کاتقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا، پیپلز پارٹی گریٹر لندن کے صدر میاں سلیم نے بھی مہمانوں کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے پاکستان کی اقلیتیں پاکستان کا بازوہیں اور پاکستان کے لئے اقلیتوں کی بہت خدمات ہیں۔ حفیظ بلوچ نے میزبان ایستر داس کا ایسی تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تقریبات سے آپس میں محبتیں بڑھتی ہیں آخر میں ایستر داس نے تمام مہمانوں کاشکریہ ادا کیا ۔