پیپلز پارٹی بین المذاہب معاشرے میں یقین رکھتی ہے:وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بین المذاہب معاشرے میں یقین رکھتی ہے اور اس نے ہمیشہ انسانی حقوق، مذہبی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ملک میں کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اقلیتوں کو خصوصی درجہ دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہندو برادری کے دو وزرا کو اپنی صوبائی کابینہ میں شامل کیا ہے اور ہمارا ایک مسیحی برادری کا ایم پی اے منتخب ہوا ہے اور سینیٹ میں بھی ان کی نمائندگی ہے۔

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ مسیحی برادری کے وفد جس کی قیادت ورلڈ وائیڈ سیونتھ ڈے چرچ کے صدر پادری ٹیڈ این سی ولسن کر رہے تھے سے وزیراعلی ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں مسز نینسی ولسن، مسٹر ایڈریو مچیسنی، سمومئل سا، کلاڈ رچلی، مائیکل دتا، اقبال عنایت، شاہدخان، سہیل لارنس، وزیر برائے اقلیتی امور ہری رام کشوری، وزیراعلی سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ راشد ربانی اور اسپیشل سیکریٹری ہیلتھ اصغر میمن بھی ملاقات میں شریک تھے۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ورلڈ وائیڈ سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ چرچ کے پادری ٹیڈ این سی ولسن کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ اسپتال کے ذریعے صحت کے شعبے میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کی مختلف شعبوں میں خدمات اور ملک کی ترقی میں قابل قدر کردار رہا ہے۔ ورلڈ وائیڈ سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ چرچ کے صدر نے کہا کہ ان کے 21 ملین اراکین ہیں اور یہ215 ممالک میں کام کر رہے ہیں۔

پاکستان میں صرف ان کے اراکین کی تعداد 32000 ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن ہے کہ بلا تفریق انسانیت کی خدمت کی جائے۔ انہوں نے ملاقات میں انسانی حقوق اور اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ ورلڈ وائیڈ سیونتھ ڈے ایڈونٹسٹ چرچ کے صدر نے پاکستان بالخصوص سندھ اور اس کے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مہمانوں کو اجرک اور سندھی ٹوپی کے تحائف پیش کیئے۔