صوبائی وزیرمحنت و افرادی قوت انصر مجید خان نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے اقلیتوں سے ووٹ لے کر ہمیشہ ان کو دھوکہ دیا اور یہی وجہ ہے کہ ملک کی اقلیتی برادری آج ہر شعبہ میں پیچھے رہ گئی ہے لیکن موجودہ حکومت نے اپنے انتخابی منشور پر عمل کرتے ہوئے اپنے پہلے ہی بجٹ میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے ایک ارب روپے کے ریکارڈ فنڈز مختص کئے ہیں اور اگر پچھلی حکومتوں کے بجٹ کو دیکھا جائے تو سابقہ ادوار میں اقلیتوں کے لئے بجٹ میں اتنے فنڈزنہیں رکھے گئے۔
وہ مظہر ہال سرگودھا میں اقلیتوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر سلوت سعید، ایم پی اے چوہدری منیب سلطان چیمہ، ڈاکٹر نادیہ عزیز، پی ٹی آئی کے ضلعی صدر مہر انصر اقبال ہرل اور اسے سی ڈی جی بلال فیروز کے علاوہ مسیحی برادری نے نمائندوں نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صرف چار ماہ میں اقلیتی ہونہار طلبہ میں دو دفعہ تین کروڑ روپے کے وظائف تقسیم کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرگودھا کے ممبران پارلیمنٹ نے مشترکہ فیصلہ کیا کہ انفرادی بجٹ حاصل کرنے کی بجائے ضلع کی تعمیروترقی کے لئے مل کر بڑے منصوبوں کے لئے فنڈز حاصل کرنے کی جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں سیوریج اور پینے کے صجاف پانی کے مسائل کو ہمیشہ کے لئے حل کرنے کے لئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی ٹیموں نے سروے شروع کر دیا ہے۔
انصر مجید خان نے کہا کہ سرگودھا میں تفریحی سہولتوں کے فقدان کا وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے بجٹ میں جدید سہولتوں سے آراستہ پارک کی تعمیر کے لئے فنڈز مختص کروا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے اپنا ووٹ پاکستان تحریک انصاف کی جھولی میں ڈال کر اپنا حق ادا کر دیا اب ہماری باری ہے کہ ان کی امیدوں پر پورا اترا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے سرگودھا ضلع کے 207مستحق مسیحی افراد کے لئے پانچ ہزار روپے فی کس مجموعی طور پر دس لاکھ 35 ہزار روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی جو مستحقین کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔تقریب سے ایم پی اے چوہدری منیب سلطان چیمہ، ضلعی صدر پی ٹی آئی انصر اقبال ہرل اور ڈاکٹر نادیہ عزیز نے بھی خطاب کیا۔ بعدازاں مہمان خصوصی نے دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ مسیحی برادری میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے۔