قطر میں جاری سنوکر چیمپئن شپ میں بابر مسیح نے چاندی کا تمغہ جیت لیا

پاکستانی کیوئسٹس بابر مسیح اور اسجد اقبال نے ایشین سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ میں بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے جیت لئے۔
منگل کو دوحہ، قطر میں منعقدہ چیمپئن شپ میں کھیلے گئے فائنل میں ایرانی کیوئسٹ عامر سرخوش نے پاکستان کے بابر مسیح کو بیسٹ آف 13 فریمز میں 4 کے مقابلے میں 7 فریمز سے شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا، شکست کے بعد بابر مسیح چاندی کے تمغے کے حقدار ٹھہرے، دریں اثناء بابر مسیح نے سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارتی کیوئسٹ کمال چاولہ کو 6-4 فریمز سے شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔

پاکستان کے اسجد اقبال کو سیمی فائنل میں ایرانی کیوئسٹ عامر سرخوش کے ہاتھوں 6-2 فریمز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اسطرح انہوں نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ واضح رہے کہ ایونٹ میں شریک دیگر پاکستانی کیوئسٹ محمد بلال کو کوارٹر فائنل اور ذوالفقار عبدالقادر کو لاسٹ 24 رائونڈ میچز میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔