ضلع ٹھٹھہ سے ہندو طالبہ اغواہ،خاندان کو دھمکیاں

صوبائی وزیر اقلیتی امور ہری رام کشوری لال نے مکلی ضلع ٹھٹھہ سے ہندو طالبہ کے مبینہ اغوا کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ٹھٹھہ شبیر سیٹھار سے فون پر رابطہ کیا۔ اس موقع پرصوبائی وزیر اقلیتی امور نے پولیس کو ہدایت دی کہ طالبہ کی بازیابی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہو ں نے مزید کہا کہ طالبہ کے خاندان کو دھمکیاں دی جارہی ہیں, انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور ہری رام کشوری لال کاکہنا تھاکہ سندھ میں کم عمر ہندو بچیوں کے اغوا اور زبردستی مذہب تبدیل کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات افسوسناک ہیں۔سندھ ہماری دھرتی ماں ہے، ہندوؤں کے خلاف منظم سازشیں ناکام ہوں گی۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ سندھ حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے اور ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ نے صوبائی وزیر کو بتایاکہ واقعہ کی ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے۔اور تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ طالبہ کو جلد بازیاب کرلیاجائیگا