پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب سیکرٹریٹ میں کرسمس کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ بھارت میںآج مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتیں غیر محفوظ ہیں ، مودی فاشسٹ نے ان کا جینا دوبھر کررکھا ہے ،عالمی برادری مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا فوری نوٹس لیں، بھارتی حکومت نے ریاستی دہشتگردی کی انتہاء کردی ہے، مودی اور بھارت کا نام نہاد چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے ،پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں آزادی سے رہنے اور اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے میں کھلی آزادی ہے، پارٹی سیکرٹریٹ میں کرسچن بہن بھائیوں کی خوشیوں میںشریک ہونے کے لئے آج خصوصی تقریب کا اہتمام کیا ہے ، کرسچن بہن بھائیوں کی خوشیوں میں ہم سب برابر کے شریک ہیں، پاکستان بنانے میں اقلیتوں کا کلیدی کردار ہے ، اقلیتیں پاکستان کا خوبصورت گلدستہ ہیںاورملک کے برابر کے شہری ہیں، اقلیتوں کی عبادت گاہوں ، جان مال ، عزت اور آبرو کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے ، تحریک انصاف کی حکومت اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے دن رات کوشاں ہے ، ہرپاکستانی اپنے اقلیتی برادری کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ،کرسچن کمیونٹی کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انہیں کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہیں، وہ گذشتہ روز پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے آفس میں کرسچن بہن بھائیوں کے اعزاز میں کرسمس کے حوالے سے منعقد ہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔
رکن قومی اسمبلی شنیلا روتھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنے کرسچن بہن بھائیوں کو کرسمس اور نئے سال کی مبارکباد پیش کرتی ہوں، تحریک انصاف نے ہمیشہ پارٹی اور حکومتی سطح پر اقلیتوں کو برابر ی کے مواقع فراہم کئے ہیں، وزیراعظم عمران خان اپنے اقلیتی بہن بھائیوں کے ساتھ بے حد پیار کرتے ہیں ، ملکی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کا اہم کردار ہے ، پاکستان بنانے میں ایس پی سنگھا کے ووٹ نے کلیدی کردار ادا کیا ،ہم سب متحد ہو کر ہی آگے بڑھ سکتے ہیں ، پی ٹی آئی کی حکومت ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے دن رات کوشاں ہے ، ملک میں امن کے قیام اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے ہم سب کو کوشاں رہنا چاہئے ، تقریب میں سینئرنائب صدر عامر گجر، صوبائی وزیر اعجاز آگسٹین ، ایم پی ایز نذیر چوہان ، ہارون گل، نیلم حیات ، پیٹرگل ، صدر لاہور جنوبی ملک ظہیر عباس کھوکھر ، روبنسن عزیز فرانسس ، ندیم شاکر، آصف بھٹی ،سائرہ نوخیز کھوکھر، عادل ، طارق سعات سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع سے کرسچن کمیونٹی کی کثیرتعداد نے شرکت کی اور اپنی مذہبی گیت گائے ،کرسچن برادری نے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی ۔