سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ایف سی کالج کے نئے ریکٹر ڈاکٹر جوناتھن ایڈلٹن اور رجسٹرار بریگیڈیئر (ر) نیئر فردوس نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر ایف سی کالج میں جاری مختلف پروگرامز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے نئے ریکٹر کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایف سی کالج کا تعلیمی میدان میں اپنا ایک الگ مقام ہے، بطور وزیراعلیٰ اقلیتوں کو نہ صرف تعلیمی ادارے واپس کیے بلکہ پہلی بار وزارت قائم کی اور چرچز کی مرمت کیلئے فنڈز بھی مختص کیے۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے اقلیتوں کے معاملات کے حل میں کافی مشکلات پیدا کیں، دس سال تک مشنری اداروں کی زمینوں پر قبضہ کیے رکھا، بطور سپیکر پنجاب اسمبلی اب دوبارہ کیتھڈرل چرچ سمیت دیگر سکولوں، کالجز اور پراپرٹی کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ایف سی کالج میں ٹیکنیکل ایجوکیشن دینے کیلئے تجاویز دیں۔
انہوں نے کہا کہ گجرات یونیورسٹی سٹیٹ آف دی آرٹ درسگاہ کا درجہ رکھتی ہے جس میں دیگر تعلیمی کورس کے ساتھ ساتھ طلبہ کو ٹیکنیکل ایجوکیشن بھی دی جا رہی ہے۔ ریکٹر ایف سی کالج ڈاکٹر جوناتھن ایڈلٹن نے کہا کہ آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی، پاکستان کی کرسچن کمیونٹی اوراقلیتی برادری کے حوالے سے آپ کے اقدامات جان کر بہت اچھا لگا، ہماری کوشش ہے کہ تعلیم کے میدان میں ایف سی کالج کو مزید بلندیوں پر لے کر جائیں۔ اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈیں بھی پیش کیں۔