ابوظبی میں تمام غیر مسلموں کی عبادت گاہیں کھولنے کا اعلان

متحدہ عرب امارات نے ابوظبی میں غیر مسلموں کی تمام عبادت گاہیں کھولنے کا اعلان کیا ہے تاہم صرف تیس فیصد حصے کو زیر استعمال لایا جائے گا۔ عرب نیوز کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے عبادت گزاروں اور عملے کو حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات دی جائیں گی۔

اماراتی ادارہ برائے کمیونٹی ڈویلپمنٹ کا کہنا ہے کہ بچوں اور عمر رسیدہ افراد جو کسی موزی مرض میں مبتلا نہیں ہیں کو عبادت گاہوں میں داخل ہونے کی اجازت ہو گی۔ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے اہلکار سلطان المطوع کے مطابق تمام عبادت گاہوں کو ہدایت نامہ مہیا کر دیا گیا ہے جس میں عملے اور عبادت گزاروں کے حوالے سے اپنائی جانے والی احتیاطی تدابیر پر تفصیلی معلومات موجود ہیں۔

سلطان المطوع کا کہنا ہے کہ عبادت کے علاوہ دیگر تمام سرگرمیوں اور تقریبات کے انعقاد پر پابندی برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سرگرمیوں کے لیے گرجہ گھروں کی انتظامیہ کو آن لائن مواقع استعمال کرنے کا کہا جا رہا ہے۔ عرب امارات میں کورونا ویکسین کے انسانوں پر تجربات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق ایک ہفتے میں 120 ممالک سے تعلق رکھنے والے 31 ہزار رضاکاروں پر ویکسین کا تجربہ کیا گیا ہے۔

عرب امارات میں کورونا ویکسین کے انسانوں پر تجربات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق ایک ہفتے میں 120 ممالک سے تعلق رکھنے والے 31 ہزار رضاکاروں پر ویکسین کا تجربہ کیا گیا ہے۔ ہزاروں رضاکاروں کو اب تک ویکسین کا دوسرا ٹیکہ بھی لگ چکا ہے جن کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ویکسین کے صحت پر ہونے والے اثرات کا تعین کیا جا سکے۔ ابوظبی کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین کے تجربات کے لیے رضاکاروں کی تعداد پوری ہونے کے بعد رجسٹریشن کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے۔