پاور لفٹنگ میں عالمی ریکارڈ بنانے والی چار مسیحی بہنیں

لاہور: پاور لفٹنگ میں عالمی ریکارڈ بنانے والی چار مسیحی بہنوں کی حوصلہ افزائی کے لئے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا گیا۔دبئی میں شیڈول ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں چاروں بہنوں نے میڈلز جیت کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

پاور لفٹنگ میں عالمی ریکارڈ بنانے والی چار مسیحی بہنوں کی حوصلہ افزائی کے لئے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا گیا،پاکستان پاور لفٹنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل راشد ملک کی طرف سے خط میں لکھا گیا ہے کہ چار حقیقی بہنوں ٹوینکل ،سائبل، ویرونیکا اور مریم نے 18 تا24 ستمبر2018ء تک دبئی میں شیڈول ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں شرکت کی اورسب نے میڈلز جیت کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

ٹوئنکل سہیل نے نہ صرف ایشیائی چیمپئن شپ کے دوران گولڈ میڈل جیتا بلکہ ایشیائی ایونٹ میں طلائی تمغے جیتنے کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔ ٹوئنکل سہیل پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون پاور لفٹر تھیں جنہوں نے 2015ءمیں اومان میں شیڈول ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کے دوران شرکت کی اور اپنے پہلے ہی انٹرنیشنل ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے میں بھی کامیاب رہی۔

خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ2 سال کی انکوائری کے بعد ایشین پاور لفٹنگ فیڈریشن نے یہ تسلیم کیا ہے کہ چار بہنوں کا ایک ہی ایونٹ میں شرکت کرنا اور میڈلز جیتنا ایک عالمی ریکارڈ ہے،ہم ان پلیئرز کی حوصلہ افزائی کے لئے انہیں دبئی بلانا چاہتے تھے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے انہیں اپنے ہاں مدعو نہ کر سکے۔

سیکرٹری پاکستان پاور لفٹنگ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ چاروں حقیقی بہنوں نے عالمی ریکارڈ بنا کر پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے،ان بہنوں کے اعزاز میں وزیر اعظم ہاﺅس میں تقریب کا اہتمام کیا گیا اور پاور لفٹرز بہنوں کی انعام وکرام کے ذریعے حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ یہ پلیئرز پہلے سے بھی زیادہ محنت کر کے عالمی سطح پر پاکستان کے نام کو روشن کرنے کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھ سکیں۔