حکومت مسیحی برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے،صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین

صوبائی وزیرانسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مسیحی برادری کو در پیش مشکلات ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے اور مسیحی آبادیوں میں ترقیاتی منصبوں کو جلد مکمل کرنے کے لئے کام کی رفتار تیز کی گئی ہے اور چرچز کی سکیورٹی اور تزئین و آرائش کا جامع پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے – وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اقلیتی افراد کے لئے امدادی رقم 2کروڑ سے بڑھا کر 6کروڑ روپے کر دی ہے جس سے اب ہر ضرورت مند کو 5ہزار روپے کی بجائے 10ہزار روپے فی کس دیئے جار ہے ہیں – انہوں نے یہ بات تحصیل کونسل ہال میں مسیحی افراد میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر بابر بشیر کے علاوہ اقلیتی نمائندوں ابراہام عظیم ڈنیئل اور الفرڈ گل اور تحریک انصاف کے مقامی رہنماں چوہدری علی شکور خاں،شیخ محمد چوہان،نوید اسلم چوہدری،چوہدری بابر صغیر اور ظہیرہ سلیم نے بھی شرکت کی –

انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اقلیتوں کو مکمل حقوق دینے،ان کو مذہبی آزادی فراہم کرنے اور مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں جس کی بدولت کرسمس کو پہلی دفعہ سرکاری سطح پر منایا گیا ،سکھ برادری کے لئے کرتار پور گوردوارہ کھولا گیا اور اب اسی طرز پر مریم آباد کی زیارت گاہ کو بھی کھولا جا رہا ہے تاکہ بیرونی ممالک سے مسیحی افراد اس کی زیارت کر سکیں – صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسیٹن نے بتایا کہ ضلع ساہیوال کے 171مسیحی افراد کو 10ہزار روپے فی کس کے چیک دیئے جا رہے ہیں جن میں 111کا تعلق ساہیوال اور 60کا تعلق تحصیل چیچہ وطنی سے ہے -صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ ضلع بھر کے چرچز کی سکیورٹی بہتر بنانے اور تزئین و آرائش کے لئے 4کروڑ روپے کے خصوصی فنڈز جار ی کر دیئے گئے ہیں جن پر کام کا جلد آغاز ہو گا – صوبائی حکومت کی دلچسپی سے صوبے کی بڑی مسیحی آبادیوں کو ماڈل آبادیاں بنایا جا رہا ہے جہاں زندگی کی تمام شہری سہولیات دستیاب ہونگی اور پہلے مرحلے میں لاہور کی بڑی مسیحی آبادی یوحنا آباد میں 30کروڑ روپے سے ترقیاتی کام جاری ہیں-

انہو ں نے مسیحی برادری کو یقین دلایا کہ تحریک انصاف کی حکومت اقلیتوں کے مسائل سنجیدگی سے حل کر رہی ہے اور ان کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لئے متعدد منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچائے جا رہے ہیں -بعد ازاں صوبائی وزیر نے مستحقین میں امداد ی چیک بھی تقسیم کئے –