وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی مسیحی برادری کو کرسمس پر مبارکباد

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی کرسمس کے تہوار پر مسیحی برادری کو مبارکباد، کہتے ہیں کرسمس مسیحی برادری کے لئے خوشیوں بھرا تہوار ہے، آئسولیشن میں ہونے کے باعث کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب میں حاضر نہیں ہوسکا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرسمس کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس محبت اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے، کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کا شریک ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ اسلام کی پیدائش کا دن مسیحی برداری کیساتھ مسلمانوں کیلئے بھی مقدس اور قابل احترام ہے، تمام انبیاء کرام کی عزت و توقیر ہم پر واجب ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان میں ملک میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریوں کو مکمل مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں، پنجاب حکومت نے مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے بھی تمام اقلیتوں کے یکسا ں حقوق پر زور دیا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ کرسمس پر تمام مذاہب کے ماننے والوں کو ایک سچے پاکستانی کی حیثیت سے ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔