وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی مسیحی برادری کو کرسمس پر مبارکباد

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے مسیحی برادری کو کرسمس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے ویزن کے مطابق مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو پاکستان میں مذہبی ،ثقافتی ،آزادی اور تمام حقوق کو تحفظ حاصل ہے ، مسیحی برادری کو بھی مساوی موا قع اور مقام حاصل ہے ۔

وہ جمعرات کو پاکستان براڈ کاسٹنگ (پی بی سی) میں کرسمس شو میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے ۔ ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد ، ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان امبرین جان سمیت دیگر حکام بھی تقریب میں شریک تھے ۔ تقریب میں کرسمس کے حوالے سے مختلف گیت پیش کیے گئے اور مسیحی راہنمائوں نے خصوصی دعا کرائی ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ایسی تقاریب بین المذاھب ہم آہنگی کا باعث بنتی ہے اور ہمیں مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونے کا موقع دیتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح نے یہ کہا کہ اقلتیوں کی ثقافتی ، مذہبی اقدار کا تحفظ اور مساوی مقام ریاست کا کام ہے ،حکومت اقلیتوں کے تحفظ ، مساوی مواقعوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اقلیت کی بنیاد پر کسی کی مستقبل کا تعین نہیں ہونا چاہیے ، بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیکر ایک دوسرے کو عزت اور تکریم کو مزید بہتر بناسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے تقریب کے اختتام پر کرسمس کیک بھی کاٹا.