وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام مسیحی برادری کی سہولت کے لئے فیصل آباد میں 7سستے کرسمس بازار لگائے جائیں گے۔تین روزہ کرسمس بازار 22 سے 24دسمبر تک فنکشنل رہیں گے جن میں رعایتی نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کی جائیں گی۔یہ کرسمس بازار فیصل آباد میں سینٹ انتھونی سکول ماڈل ٹاؤن،پینٹو گراؤنڈ مریم آباد وارث پورہ،کھرڑیانوالہ چوک جڑانوالہ روڈ،جڑانوالہ میں پرانا تانگہ سٹینڈ نزد فائر بریگیڈ آفس،چک جھمرہ میں واٹر ورکس روڈ،سمندری میں سہولت بازارگوجرہ روڈ اور تاندلیانوالہ میں کرسچن کالونی محلہ شمس آبادمیں لگائے جائیں گے۔
ان بازاروں میں گوشت،پولٹری،آٹا،چینی، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ کنٹرول نرخوں پر مسیحی برادری کی دہلیز پرفراہم کی جائیں گی تاکہ وہ بہتر انداز میں کرسمس کی خوشیاں مناسکیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)عمر مقبول،اسسٹنٹ کمشنرسٹی سید ایوب بخاری،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان و دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ ضلعی کوآرڈینیٹر مینارٹی آفیئرز سلیمان یونس اور مسیحی برادری کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ کرسمس بازاروں کے کامیاب انعقاد کے لئے سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر جاری کرنے کے علاوہ تشہیر اور خیر سگالی کے جذبات کی تحریروں پر مشتمل بینرز آویزاں کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کرسمس بازاروں سے متعلقہ شکایات کے فوری حل کے لئے ضلعی کنٹرول روم اور تحصیل سطح پر بھی کنٹرول رومز فنکشنل رہیں گے۔اس موقع پر مسیحی رہنمائوں نے کرسمس کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ اداکیا۔