حکومت مسیحی برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے : اعجاز عالم آگسٹین

صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ يسوع مسیح دنیا میں محبت اور امن کا پیغام لے کر آئے اور ان کی تعلیمات ہم سے تقاضا کرتی ہیں کہ معاشرے میں باہمی یگانگت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے، پنجاب بھرمیں تمام مسیحی اپنے مکمل حقوق کے ساتھ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، بزدار حکومت ان کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے ، جن میں مسیحی آبادیوں میں ضروری شہری سہولیات کی فراہمی،چرچز کی مرمت و بحالی اور ملازمتوں میں کوٹے پر عملدر آمد شامل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن،ساہیوال میں کرسمس کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر بابر بشیر،پی ایچ اے کے چیئر مین چوہدری علی شکور،سابق ناظم شکیل احمدنیازی،شیخ اعجاز احمد رضا،الفرڈ گل،ڈاکٹر ظہیرہ سلیم اور ساجد منو کے علاوہ مسیحی ملازمین اور برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے بنائی گئی یونین کے عہدیداران کی حلف برداری بھی ہوئی – صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کارپوریشن کے مسیحی ملازمین پر زوردیا کہ وہ ملکی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں اور شہریوں کو بہتر سروسز کی فراہمی میں اپنا اہم حصہ ڈالیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کرسمس کے موقع پر مسیحی ملازمین کو دسمبر کی تنخواہوں کی پہلے ادائیگی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں تا کہ صوبہ بھر کے مسیحی ملازمین کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں، تقریب کے اختتام پر کرسمس کیک بھی کاٹا گیا