تھانہ صدر فاروق آباد کے علاقہ میں درندگی کا ایک اور واقعہ پیش آ گیا جہاں تین مسلح ڈاکوئوں نے دوران ڈکیتی والدین کے سامنے جواں سالہ بیٹی کو بے آبرو کر دیا،آئی جی پنجاب نے 24 گھنٹوں میں واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ گزشتہ شام بھٹہ مزدور یوحنا مسیح اسکا ہم زلف گلزار مسیح، عرفان، شکیل ، یاسر اور اسکی جواں سالہ بیٹی خانقاہ ڈوگراں میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعدرکشہ پر سوار ہو کر گائوں ککڑ گل واپس جارہے تھے کہ تھانہ صدر کی حدود میں ایشرکے روڈ موٹروے پل سیم نالہ کے قریب تین مسلح ڈاکوؤں نے رکشہ کو روک کر ان سے نقدی اور موبائل فون چھیننے کے بعد فیملی کو رسیوں سے باندھ دیا اورگلزار مسیح کی بیٹی کو فیملی کے سامنے ہی اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔
ڈاکوئوں نے ایسا کرنے سے روکنے پر یوحنا مسیح،گلزار مسیح و دیگر کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا، دلخراش واقعہ سے علاقہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ کی اطلاع پاکر آر پی او ،ڈی پی او مبشر میکن موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے جائے وقوعہ کامعائنہ کرنے کے علاوہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن نوید ارشاد کی قیادت میں ٹیمیں بھی تشکیل دیدی ہیں۔ ذرائع نے چار مشکوک ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا انکے ڈی این اے بھی بھجوائے جارہے ہیں جبکہ واقعہ کی دیگر پہلوؤں پر بھی تفتیش کی جا رہی ہے ۔