پنجاب حکومت نے ایسٹر پر سخت سکیورٹی انتظامات کے احکامات جاری کر دیئے

حکومت پنجاب نے تمام اضلاع میں ایسٹر ڈے کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کے احکامات جاری کر دیئے معلوم ہوا ہے کہ مانیٹرنگ ادارے کی جانب سے سرگودھا سمیت دس اضلاع کے چرچز کی سکیورٹی انتظامات میں نقائص کی نشاندہی کی گئی تھی جس کی روشنی میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو فوری اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کر دیئے گے ۔

ذرائع کے مطابق سرگودھا کے 139 چرچز سمیت تمام اضلاع میں مسیحی برادی ایسٹر ڈے کے موقع پر عبادات کے علاوہ تقریبات کا اہتمام کر رہی ہے جس کے لئے سخت ترین سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔جس کے لئے حکومت نے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔حکومت کے ہدایات پرادارے نے دس اضلاع سرگودھا ،لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، راولپنڈی ، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، ملتان ، ڈی جی خان اور بہاولپور میں اتوار کی خصوصی عبادات کے حوالے سے مجموعی طور پر 942چرچز میں سرگودھا کے 77چرچوں کی سکیورٹی کا جائزہ لیتے ہوئے نقائص نشاندہی کی گئی ہے جبکہ سکیورٹی انتظامات میں سے 37فیصد سی سی ٹی وی کیمروں،18فیصد پولیس ڈیوٹی ،66فیصد سکیورٹی گارڈز،96فیصد واک تھرو گیٹس،62فیصد میٹل ڈٹیکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کے احکامات جاری کئے اور تمام چرچز کے باہر پارکنگ کے خاطر خواہ انتظامات کی ہدایت کی ہے۔

حکومت پنجاب نے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو ایسٹر کے حوالہ سے چرچز کی سکیورٹی کا از سر نو جائزہ لیتے ہوئے بہترین اقدامات کا حکم دیا ہے۔