وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اقلیتی کوٹے پر خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لئے فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے جلد مکمل کرکے مشتہر کیا جائے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار نے ملاقات کی اور سپریم کورٹ کے احکامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے انھیں اقلیتوں کے بارے میں سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے خالی سیٹوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ محکمہ قانون اور محکمہ انسانی حقوق ایک ہفتے کے اندر انھیں رپورٹ پیش کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اقلیتوں کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اقلیتی نوجوانوں کو تعلیمی اداروں میں بھی بھرپور مواقع میسر ہیں۔ صوبہ پنجاب میں اقلیتی برادریوں کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مذہبی رواداری اور مساوی حقوق پر یقین رکھتی ہے۔