کراچی :عیسیٰ نگری میں ملزم کی بچی سے مبینہ زیادتی،پولیس نے ملزم پڑوسی کو گرفتار کرلیا،بچی ملزم عامر کی بہن سے ٹیوشن پڑھنے آتی تھی، اہل علاقہ کا پولیس سے ملزم کی حوالگی کا مطالبہ، پتھرائو، 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی بی کالونی تھانے کی حدود عیسیٰ نگری گلی نمبر 6میں ملزم محمد عامر نے بچی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بناڈالا،پولیس کے مطابق محمد عامر بچی کا پڑوسی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ 10سالہ بچی کا تعلق مسیحی برادری سے ہے اور بچی ملزم کی بہن سے ٹیوشن پڑھنے جاتی تھی،منگل کو ملزم نے مبینہ طور پر بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا،واقعہ کی اطلاع پر جب پولیس ملزم کو گرفتار کرنے پہنچی تو اہل علاقہ کی بڑی تعداد ملزم کے گھر کے باہر جمع ہو گئی اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزم کو ان کے حوالے کیا جائے،ایس پی گلشن معروف عثمان کے مطابق پولیس ملزم کو اپنے ساتھ لے جانے لگی تو ہجوم میں شامل افراد نے ملزم کو پولیس سے چھیننے کی کوشش کی ،اس دوران ہجوم میں شامل افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا جسکے نتیجے میں چار پولیس اہلکار پتھر لگنے سے زخمی ہوئے ،اس دوران پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی اور ملزم کو تھانے منتقل کیا۔ایس پی گلشن نے بتایا کہ بچی کو فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچی کا میڈیکل کیا جائے گا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس دوران پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص 26سالہ سیمسنگ جون ولد پطرس مسیح زخمی ہوا ،واقعہ کے خلاف اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے یونیورسٹی روڈ پر جمع ہو کر احتجاج کیا جسکے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی،دوسری جانب ایس پی گلشن معروف عثمان کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی گئی تھی اور زخمی شخص کو کس کی گولی لگی ہے اس حوالے سے معلومات لی جا رہی ہیں۔